ٹیسٹ کپتان اظہرعلی کا وزیراعظم ریلیف فنڈ میں 10لاکھ روپےدینے کا اعلان
ٹیسٹ کپتان اظہرعلی نے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں سب کو کرداراداکرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم نے کورونا کے خلاف ریلیف ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن علاقوں کوہم لاک ڈاوَن کریں گے وہاں ٹائیگر فورس رضا کار کھانا پہنچائیں گے۔
شعیب اختر کا قوم کو اہم ترین پیغام
سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کورونا وائرس کیخلاف جنگ کیلئے اہم ترین پیغام میں کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظرغذائی عادات میں تبدیلی نہ لا کر مدافعتی نظام کو تباہ کیا جا رہا ہے
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں لوگوں کی غذائی عادات تبدیلی رونما کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ جنک فوڈز اور بلبلے چھوڑنے والے مشروبات کا استعمال ترک کرنا ہو گا کیونکہ یہ انسانی جسم کے مدافعتی
نظام کو کمزور کرتے ہیں۔
انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے پھیپھڑے مضبوط اور صحتمند حالت میں رکھیں تاکہ اس موذی مرض کا مقابلہ کر سکیں۔
شعییب اختر کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ لوگ غذا کے استعمال میں بے احتیاطی کر کے اپنا جسمانی دفاعی نظام گزشتہ بیس برسوں کے دوران از خود ہی تباہ کر چکے ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد کا عوام کو پیغام
سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں اللّٰہ کو راضی کریں۔ انہوں نے کہاکہ گھروں میں قرآن پاک کی تلاوت اور نمازوں کا اہتمام کریں۔
مشتاق احمد نے کہا کہ خود کو اور گھر کو صاف ستھرا رکھیں اور بار بار ہاتھ دھوئیں، حکومتی احکامات میں حکومت کا ساتھ دیں ۔
سابق کپتان شاہد آفریدی کا اہم اقدام و پیغام
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر اشیائے ضروریہ پر عائد ٹیکس ختم کردیں۔
ٹوئٹر پر اپیل کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ’’موجودہ بحران کے باعث وزیراعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ کھانے پینے کی اشیا کو فی الحال ٹیکس سے مشتنیٰ قرار دے دی جائیں، ان اشیاء کی قیمتوں میں کمی سے عوام فائدہ اٹھا سکیں، ہم سب کو مل کر اس وبائی صورت حال میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، آگے بڑھیں اور عطیات دیں‘‘۔
Comments
Post a Comment