ایک ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہاسٹل میں قیام کرنے والے 20 ڈاکٹرز اور طبی عملے کو قرنطینہ کر دیا گیا
پولی کلینک ہسپتال اسلام آباد کے ایک ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ڈاکٹرز ہاسٹل کو سیل کر دیا گیا، ہاسٹل میں قیام کرنے والے 20 ڈاکٹرز اور طبی عملے کو قرنطینہ کر دیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔ ڈاکٹر میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا ہے۔ ڈاکٹر میں وائرس کی تصدیق کے بعد پولی کلینک ہسپتال کا ڈاکٹرز ہاسٹل ہنگامی طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ ہاسٹل میں مقیم تمام ڈاکٹرز اور طبی عملے کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد کے 3 علاقے، بھارہ کہو، شہزاد ٹاون، اور رمشا کالونی ایچ نائن کو خطرناک قرار دے کر سیل کیا جا چکا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کی نقل و حرکت میں 90 فیصد تک کمی آئی ہے۔
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد
دوسری جانب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے 61 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1296 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں اب تک کورونا کے 23 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اس وبا کی وجہ سے 9 شہریوں کی اموات ہوئی ہیں ، اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس کے 7 مریض ایسے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔
Comments
Post a Comment